(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی-5 منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی جانب اہم پیشرفت ہے، پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کے عزم کا اعادہ ہے،اقتصادی، دفاعی اور ترقیاتی شعبوں میں پاکستان اور چین کا تعاون مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے ڈوم کی کامیاب تنصیب، پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے ڈوم کی تنصیب کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تقریب میں شریک ہوئے ، اس کے علاوہ تقریب میں چینی حکام، اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی تعمیر کا اہم مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا، سی-5 منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی جانب اہم پیشرفت ہے، پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کے عزم کا اعادہ۔اقتصادی، دفاعی اور ترقیاتی شعبوں میں پاکستان اور چین کا تعاون مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں،ملکی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرکے معاشی طور پر مضبوط اور توانائی کے لحاظ سے خودکفیل پاکستان بنانا ہے۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن نے کہا کہ پاکستان کے نیوکلیئر پاور پلانٹس محفوظ اور مؤثر انداز میں 3 ہزار 530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، پاکستان کے جوہری بجلی گھر سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کا باعث بن رہے ہیں،ملکی بجلی کی مجموعی پیداوار میں جوہری توانائی کا حصہ 16.6 فیصد تک پہنچ گیا،ملک کی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت میں نیوکلیئر توانائی کا حصہ صرف 8.6 فیصد ہے۔
سردیوں کے موسم میں ملکی بجلی کی پیداوار میں جوہری توانائی کا حصہ 26 فیصد تک پہنچ جاتا ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہوگی، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے ڈوم کی تنصیب مکمل کر لی۔