سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا

سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا
کیپشن: سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا

ویب ڈیسک: کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے مقدمے میں بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔

عدالت نے سیشن کورٹ کا بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عبدالمجید اچکزئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری اور انہیں فوری گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد عامر نواز اور جسٹس عبدالقیوم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مقتول ٹریفک سارجنٹ کے ورثا کو دیت ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مقدمے کے مطابق جون 2017 میں کوئٹہ کے جی پی او چوک، زرغون روڈ پر تیز رفتار لینڈ کروزر نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے اس وقت کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔

بعد ازاں ستمبر 2020 میں کوئٹہ کی ماڈل کورٹ نے عدم ثبوت کی بنیاد پر انہیں بری کردیا تھا، تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے بریت کا حکم منسوخ کردیا اور 10 سال قید، دیت کی ادائیگی اور فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔

Watch Live Public News