ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی سیکورٹی اداروں کی کارروائی میں بھارتی جاسوس گرفتار، 'را' کے جاسوسی نیٹ ورک کی موجودگی کا انکشاف

ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی سیکورٹی اداروں کی کارروائی میں بھارتی جاسوس گرفتار، 'را' کے جاسوسی نیٹ ورک کی موجودگی کا انکشاف
کیپشن: ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی سیکورٹی اداروں کی کارروائی میں بھارتی جاسوس گرفتار، 'را' کے جاسوسی نیٹ ورک کی موجودگی کا انکشاف

ویب ڈیسک: بنگلہ دیشی سیکیورٹی اداروں نے ڈھاکہ کے علاقے اترہ میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی شہری ربیع الاسلام کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کرلیا۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق بھارتی ریاست مغربی بنگال سے ہے، جسے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق ملزم پر ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے روابط اور حساس معلومات کی ترسیل کا الزام ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بنگلہ دیش کے بار بار دوروں کی کوئی واضح وجہ پیش نہیں کرسکا، جبکہ اس کے بھارتی پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ پر درج تاریخِ پیدائش میں بھی تضاد پایا گیا۔

گرفتار بھارتی شہری کا مؤقف تھا کہ وہ ڈھاکہ میں گارمنٹس کے کاروبار کے سلسلے میں مقیم ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسیوں سے روابط کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق اس سے قبل بھی مختلف علاقوں سے بھارتی شہریوں کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ان میں بوگرا سے گنگا رام اور کھاگرچھڑی سے روڈی باروا کی گرفتاریاں شامل ہیں۔

دسمبر 2019 میں بنگلہ دیشی پولیس نے ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کانسٹیبل اور فوجی اہلکار سمیت متعدد افراد کے خلاف حساس معلومات بھارتی خفیہ ایجنسی ’ را‘ کو فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق خطے کے مختلف ممالک میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے حوالے سے تشویش کا باعث رہی ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں حالیہ گرفتاری کے بعد تجارتی سرگرمیوں کی آڑ میں مبینہ جاسوسی کے نیٹ ورکس سے متعلق سوالات دوبارہ اٹھنے لگے ہیں۔

Watch Live Public News