ویب ڈیسک: امریکی چپ ساز کمپنی اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مبینہ طور پر غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی کا نشانہ بننے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ پیش رفت امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون ایلیس ہوانگ سے قریبی تعلقات تھے، جن پر چینی انٹیلی جنس ایجنسی سے وابستہ ہونے کا شبہ ہے۔
جینسن ہوانگ نے ملازمین کے نام اپنے پیغام میں اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی مکمل ذمہ داری قبول کی ہے۔ دوسری جانب اینویڈیا کا کہنا ہے کہ جینسن ہوانگ کمپنی کی قیادت بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایلیس ہوانگ سنگاپور میں قائم کمپنی ’میگا اسپیڈ‘ کی سابق ایگزیکٹو ہیں۔ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ وہ چینی انٹیلی جنس ایجنسی کے لیے کام کرتی تھیں۔
امریکی حکام میگا اسپیڈ کی سرگرمیوں کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں، کیونکہ یہ کمپنی اینویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چپس خریدتی ہے۔ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کمپنی نے چین پر عائد امریکی پابندیوں کے باوجود بیجنگ کو جدید اے آئی چپس تک رسائی دلانے میں مدد فراہم کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات پر جینسن ہوانگ سے بات کرنے کی تردید کرتے ہوئے انہیں اچھا اور باعزت انسان قرار دیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جینسن نے غیر معمولی کام کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کو تقریباً ایک سال قبل جینسن ہوانگ سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ پر بریفنگ دی گئی تھی، تاہم انہوں نے کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس بارے میں سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ جینسن کا مؤقف سنے بغیر کوئی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں تھی۔
دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے جاسوسی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے خلاف نام نہاد جاسوسی کا بیانیہ مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔