وزیر اعظم سے چینی وزیر لیو ہائی شینگ کی ملاقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم سے چینی وزیر لیو ہائی شینگ کی ملاقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی روابط اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمےکے وزیر لیو ہائی شینگ کی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے لیو ہائی شینگ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین آہنی دوستی، آزمودہ اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط پر استوار ہے۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی روابط اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور تعاون کو آگے بڑھانے میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے کے اہم کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی شعبے میں جدت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کو سراہا۔

لیو ہائی شینگ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور سیاسی جماعتوں کے مابین تبادلوں میں جاری پیش رفت کو پر اطمینان کا اظہار کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی آہنی دوستی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

دونوں راہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے معزز مہمان اور ان کے ہمراہ آنے والے چینی وفد کے اعزاز میں عشائیے کی بھی میزبانی کی۔

Watch Live Public News