ملک بھر میں سردی کی انٹری، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی 

ملک بھر میں سردی کی انٹری، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی 

(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے تازہ ترین موسم کی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے، پنجاب کے میدانی اضلاع میں سموگ و دھند اور خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے چند اضلاع میں بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد:

اسلام آباد اور گردونواح میں پیر کی رات موسم خشک اور سرد رہے گا۔منگل کے روز بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی اور سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب:

صوبے کے بیشتر اضلاع میں پیر کی رات اور منگل کے روز موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

منگل کو صبح کے اوقات میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ اور قریبی علاقوں میں ہلکی دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

سندھ:

صوبے کے بیشتر علاقوں میں پیر کی رات اور منگل کو موسم خشک رہے گا۔تاہم جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم بدستور گرم رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا:

صوبے کے میدانی علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور منگل کے روز ڈی آئی خان اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان:

بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں صبح و رات کے وقت سرد رہے گا۔منگل کی رات شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان:

کشمیر میں  مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہے گا۔جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

Watch Live Public News