(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیر کی رات اور منگل کے روز ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد:
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا 30 فیصد امکان ہے جبکہ منگل کے روزاسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب:
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، لیہ، بھکر، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، ملتان اور مظفر گڑھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔جبکہ منگل کے روز مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
شام اور رات کے اوقات میں سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ملتان اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا:
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کوہاٹ، کرم، پاڑاچنار اور ہنگو میں بارش کا امکان ہے۔ جبکہ منگل کے روز شام اور رات کے اوقات میں صوبے کے بیشتر بالائی اور میدانی اضلاع بشمول مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان:
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں پیر کی رات لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہے گا۔اسی طرح بلوچستان میں پیر کی رات ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار، آواران اور پنجگور میں بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل کو صوبے بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان:
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر کی رات اور منگل کے روز مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔