(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں منگل اور بدھ کے روز گرج چمک، تیز آندھی اور جھکڑ کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کی باقاعدہ پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا موسمی نظام آج رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو جائے گا، جس کا اثر 07 اکتوبر تک برقرار رہے گا۔
پنجاب اور اسلام آباد:
06اور 07 اکتوبر کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں گرد آلود تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس دوران چند حساس مقامات پر ژالہ باری کا بھی قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا:
05 اکتوبر سے 07 اکتوبر تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان:
06 اور 07 اکتوبر کے دوران وادیٔ نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان اور سندھ:
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم 06 اکتوبر کی شام اور رات کے دوران ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بادل گرجنے اور بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
ممکنہ نقصانات اور احتیاطی تدابیر:
شدید آندھی، جھکڑ اور ژالہ باری کے باعث کچی دیواروں، کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، بڑے بل بورڈز، گاڑیوں اور چھتوں پر لگے سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔
کسان حضرات اس موسمی صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں، آبپاشی اور فصلوں کی کٹائی کے شیڈول کی منصوبہ بندی کریں۔