آئندہ 12 گھنٹوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

آئندہ 12 گھنٹوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر( این ای او سی) نے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں، جبکہ پنجاب کے میدانی شہروں میں دھند اور اسموگ کا باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ای او سی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خطہ پوٹھوہار سمیت سیاحتی مقامات مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی قوی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی تیز ہوا اور بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ:

لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور خانیوال میں رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی رات کو دھند اور اسموگ کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے بالخصوص پہاڑی اور سیاحتی علاقوں کی جانب سفر کرنے والے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Watch Live Public News