وزیر اعظم  کی ترک صدر سے ملاقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم  کی ترک صدر سے ملاقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی آج انطالیہ میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (UNFCCC) کے تحت کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی کے شعبے میں اشتراک اور علاقائی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔

دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے  خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کی دیرینہ روایت کا مظہر ہے۔

دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

Watch Live Public News