'این ویڈیا' (Nvidia) کے سی ای او جینسن ہوانگ مستعفی

'این ویڈیا' (Nvidia) کے سی ای او جینسن ہوانگ مستعفی

(ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت (AI) کی چپس بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی 4 ٹریلین ڈالر مالیت کی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ (Jensen Huang) اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ یہ بڑا استعفیٰ اس انکشاف کے محض چند روز بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کے ایک ایسی چینی ڈیٹا سینٹر ایگزیکٹو کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا تھا جن پر چینی انٹیلی جنس اداروں سے روابط کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق این ویڈیا نے جمعرات کی صبح ایک باضابطہ پریس ریلیز کے ذریعے جینسن ہوانگ کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی۔

کمپنی نے اپنی چیف فنانشل آفیسر (CFO) کولیٹ کریس (Colette Kress) کو فوری طور پر عبوری سی ای او (Interim CEO) مقرر کر دیا ہے۔

چینی ایگزیکٹو سے معاشقہ اور جاسوسی کے الزامات:

رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ کے سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی 'میگا اسپیڈ' (Megaspeed) کی چینی نژاد ایگزیکٹو ایلس ہوانگ (Alice Huang) کے ساتھ ذاتی تعلقات سامنے آئے تھے۔ یہ کمپنی این ویڈیا سے چپس خرید کر چینی اے آئی لیبز کو کمپیوٹنگ پاور فراہم کرتی ہے۔

امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایلس ہوانگ مبینہ طور پر چین کے لیے جاسوسی کر رہی تھیں اور اکتوبر کے اواخر سے امریکی انٹیلی جنس کی نگرانی میں تھیں۔

ٹیک اشاعت 'دی انفارمیشن' کے مطابق ایلس ہوانگ ایک ایسے چینی نیٹ ورک کا حصہ سمجھی جاتی ہیں جس نے امریکی پابندیوں کے باوجود چین کو 7.5 ارب ڈالرز مالیت کی جدید چپس کی غیر قانونی ترسیل میں سہولت کاری کی۔

اس کے علاوہ نیویارک ٹائمز نے بدھ کے روز جینسن ہوانگ کے این ویڈیا میں براہِ راست ماتحت کام کرنے والی ایک اور خاتون ملازمہ کے ساتھ علیحدہ تعلقات کی خبر بھی شائع کی تھی۔

بورڈ کی آزادانہ تحقیقات اور قانونی مقدمات:

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہفتے کے آخر میں اس بات کی تحقیقات شروع کی تھیں کہ آیا کمپنی کے بانی اور سربراہ کو غیر ملکی انٹیلی جنس کی جانب سے ہدف بنایا گیا تھا۔

منگل کو این ویڈیا بورڈ نے اعلان کیا کہ مکمل اور آزادانہ تحقیقات کے لیے نیویارک کے سابق قائم مقام امریکی اٹارنی جون ایچ کم (Joon H. Kim) اور ان کی قانونی فرم 'واچٹیل، لپٹن، روزن اینڈ کاٹز' کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

دوسری جانب پیر کے روز کمپنی کے خلاف ایک مجوزہ کلاس ایکشن مقدمہ (Class-action lawsuit) بھی دائر کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کمپنی نے ہوانگ کے تعلقات اور میگا اسپیڈ کے ساتھ کاروباری روابط کے بارے میں سرمایہ کاروں کو غلط اور گمراہ کن بیانات دیے۔

Watch Live Public News