ویب ڈیسک: بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی 65ویں برسی 11 نومبر کو منائی جائے گی۔ وہ تحریکِ آزادی کشمیر کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور 1947ء کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔
یکم جنوری 1882ء کو سدھنوتی کے علاقے چیچن میں پیدا ہونے والے کرنل خان محمد خان برطانوی ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد 1934ء سے 1946ء تک جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے۔
1947ء میں انہوں نے ڈوگرہ حکومت کے خلاف عوامی مزاحمت کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جنگی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے سابق فوجیوں کو دفاعی دستوں میں منظم کیا اور تحریکِ آزادی کی قیادت کی۔
کرنل خان محمد خان نے سیاسی و عسکری جدوجہد کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ 1934ء میں انہوں نے ’’مٹھی آٹا تحریک‘‘ شروع کی، جس کے ذریعے تعلیمی اداروں، طلبہ کے وظائف، مسجد اور پلندری میں دارالعلوم کے قیام کے لیے وسائل جمع کیے گئے۔
انہوں نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی بنیاد بھی رکھی اور خواتین کی تعلیم سمیت سماجی اصلاحات کے لیے کام کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’بابائے پونچھ‘‘ اور ’’غازیٔ کشمیر‘‘ کے القابات سے نوازا گیا۔
کرنل خان محمد خان 11 نومبر 1961ء کو وفات پا گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر پلندری میں مزار پر خصوصی تقریبات اور تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں ان کی سیاسی، تعلیمی اور تحریکِ آزادی کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔