ویب ڈیسک: ایرانی سپریم لیڈر کے عسکری مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ رہبرِ انقلاب کی اجازت ملتے ہی میدانِ جنگ کی ضروریات کے مطابق ایرانی ہتھیاروں کی طاقت اور رینج میں اضافہ کردیا جائے گا۔
جنرل محمد رضا نقدی کے مطابق ایران میں ہتھیار ملکی سطح پر تیار کیے جاتے ہیں، جبکہ ان کی موجودہ محدود رینج کسی تکنیکی رکاوٹ کے باعث نہیں بلکہ پالیسی کے تحت ہے۔ ہتھیاروں کی رینج کا تعین ملکی ضروریات اور رہبرِ انقلاب کی ہدایات کے مطابق کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہتھیاروں کی طاقت اور مار کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے۔
آبنائے ہرمز سے متعلق جنرل محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور ایرانی مسلح افواج کا اس پر مکمل کنٹرول ہے۔ ان کے مطابق آبنائے سے اسمگل ہونے والے تیل کی مقدار انتہائی کم ہے، جبکہ چھوٹے بحری جہازوں کے ذریعے تیل ٹینکروں تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایرانی عسکری مشیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تیل کی غیرقانونی منتقلی کے لیے بنائے گئے راستے جلد بند کردیئے جائیں گے۔ ان کے بقول چٹانیں توڑ کر بنائے گئے ان راستوں کو بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔