(ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی تیل پیدا کرنے والی کمپنی سعودی آرامکو کے سربراہ امین ناصر نے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور تیل کے ذخائر میں انتہائی تشویشناک کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں تیل کے ذخائر خوفناک حد تک کم ہو چکے ہیں۔
سربراہ آرامکو امین ناصر کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کے ذخائر میں خوفناک حد تک کمی واقع ہو چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ خطے سے تیل کی مجموعی سپلائی میں تقریباً 3 ارب بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔
سربراہ آرامکو نے بتایا کہ بحرانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر میں ہنگامی ذخائر سے اب تک ایک ارب بیرل سے زیادہ تیل نکالا جا چکا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مختلف ممالک کی حکومتوں نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے 30 کروڑ بیرل سے زائد خام تیل جاری کیا ہے۔
امین ناصر نے واضح کیا کہ تیل کے ان ذخائر کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کرنے اور پُرانی سطح پر لانے کے لیے کم از کم 2 سال تک کا طویل عرصہ درکار ہو سکتا ہے۔
عالمی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے سعودی عرب اپنے خام تیل کی برآمد کے لیے اضافی اور محفوظ متبادل راستوں کا جائزہ لے رہا ہے۔
اس کے علاوہ، ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی آرامکو بیرونِ ملک تیل ذخیرہ کرنے (Overseas Storage) کی محفوظ سہولیات کی تلاش میں بھی سرگرمِ عمل ہے۔