ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک کی ملاقات ہوئی، جس میں سیکیورٹی تعاون، قانونی ہجرت اور یورپ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسدادِ دہشتگردی اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان کی وزارت داخلہ کا وفد بھی جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے باعث پاکستان سے یورپ جانے والی غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔
ملاقات میں یورپ میں پاکستانیوں کے لیے قانونی ہجرت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ پولش وزیر نے کہا کہ قانونی طریقہ کار کے تحت پولینڈ آنے والے پاکستانی شہریوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے آفیشل پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری سہولت کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔
محسن نقوی نے جی ایس پی پلس اسکیم میں پولینڈ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تجارتی، سیاسی اور عوامی روابط مزید بڑھانے پر زور دیا، جبکہ پولش وزیر نے سیکیورٹی اور معاشی شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔