ویب ڈیسک: امریکا میں انٹرو وائرس ڈی 68 (EV-D68) تیزی سے پھیل رہا ہے، جو انتہائی نایاب صورتوں میں بچوں میں پولیو جیسی خطرناک اعصابی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا کے پالو آلٹو، ناپا، جنوب مشرقی سان فرانسسکو اور سان رافیل کے علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کی نشاندہی ہوئی ہے۔ وائرس عموماً سانس کے ذریعے منتقل ہوتا ہے اور عام طور پر نزلہ زکام جیسی علامات پیدا کرتا ہے، جن میں کھانسی، بخار، سانس لینے میں دشواری اور سانس کے دوران سیٹی کی آواز شامل ہیں۔
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق بعض بچوں میں وائرس شدید سانس کی تکلیف یا نمونیا جیسی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ شیر خوار، کم عمر اور نو عمر بچے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انتہائی نایاب صورتوں میں EV-D68 ایکیوٹ فلیکسڈ مائیلائٹس (AFM) کا سبب بن سکتا ہے، جو بچوں کو زیادہ متاثر کرنے والی ایک سنگین اعصابی بیماری ہے۔ اس کی علامات وائرس کے انفیکشن کے کئی ہفتوں بعد بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔
ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچوں میں سانس لینے میں شدید دشواری یا غیر معمولی اعصابی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کی جائے۔