ویب ڈیسک: ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں تشویشناک اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارتِ قومی صحت نے متاثرہ بچوں کے اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد سب سے زیادہ 3 ہزار 900 ہے، جبکہ پنجاب میں 1 ہزار 765، خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک بچہ ایڈز سے متاثر ہے۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کے سوال پر وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں۔
وزارتِ صحت کی ستمبر 2026 کی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 214 ہے، جن میں سے 92 ہزار 148 افراد رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 67 ہزار 878 مریض اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (اے آر ٹی) حاصل کر رہے ہیں۔