کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین سے متعلق متنازع بیان پر تنقید، مریم نواز کا ردعمل بھی آگیا

کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین سے متعلق متنازع بیان پر تنقید، مریم نواز کا ردعمل بھی آگیا
کیپشن: کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین سے متعلق متنازع بیان پر تنقید، مریم نواز کا ردعمل بھی آگیا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو خواتین سے متعلق متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ مریم نواز نے بھی اس معاملے پر ایک معنی خیز پیغام جاری کیا ہے۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ وہ خاموش جنگ ہے جو ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے لڑتی ہے۔ اسے اس وقت بھی ہمت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے جب اسے محسوس ہو کہ وہ اندر سے ٹوٹ رہی ہے۔ کچھ لڑائیاں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور کچھ زخم دکھائی نہیں دیتے۔

مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں کیپٹن (ر) صفدر کا نام نہیں لیا اور نہ ہی واضح کیا کہ ان کا پیغام کس تناظر میں ہے۔

تنازع اس وقت سامنے آیا جب کیپٹن (ر) صفدر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کے دوران خواتین میں کینسر کے مرض پر گفتگو کرتے ہوئے ’میرا جسم، میری مرضی‘ کے نعرے کا حوالہ دیتے دکھائی دیے۔

ویڈیو میں کیپٹن (ر) صفدر یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ اگر جسم اپنا ہے تو مرضی بھی اپنی ہے، پھر بیماری اور کینسر کی صورت میں علاج بھی خود ہی کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسم تو اللہ کا دیا ہوا ہے، لیکن بیماری کی صورت میں لوگ مولوی صاحبان سے دعا اور پانی پر دم کروانے کی درخواست کرتے ہیں۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کینسر کے مریضوں کے لیے غیر حساس اور نامناسب قرار دیا ہے۔

 

Watch Live Public News