(ویب ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ چلا گیا، کوئی مجرم چاہے ہماری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو، اسے نہیں چھوڑا جائے گا، مجرم کتنا ہی طاقتور،پیسےوالاکیوں نہ ہو قانون کے ساتھ اسکے گریبان تک پہنچیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے منڈی بہاء الدین کی یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈر ڈر کر حکومت نہیں ہوتی، اصول ایک اور سیدھا رکھیں۔ خواتین اور بچوں کو تکلیف پہنچانے والوں کو میرا پیغام ہے کہ جرم کی دنیا چھوڑدو ورنہ مجھ سے کوئی شکوہ نہ کرنا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے کا واقعہ میری آنکھوں سے نہیں جاتا، بائیک سوار خاتون پر تشدد کے معاملے پر بچی کو کہا جتنے تھپڑ اس نے تمہیں مارے تم بھی اتنے ہی مارو، پیٹرول پمپ والے واقعے میں بھی ایسا ہی کیا۔ پیٹرول پمپ پر تشدد کرنے والے ملزم کو اگلے ہی دن عدالت سے ضمانت مل گئی تھی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ لوگ عدالت سے ضمانت لیکر آجاتے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملوں گی کہ کم از کم مجرم کو اتنی سزا تو دیں کہ کل وہ باہر نکلے تو شرمندگی محسوس کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی کو میرٹ کیخلاف کوئی چیز ملی ہو، پنجاب میں ہر تالا ایک ہی چابی سے کھلتا ہے جس کا نام ہے سو فیصد میرٹ۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی مجرم چاہے میری جماعت سے ہی کیوں نہ ہو اسکو نہیں چھوڑوں گی۔ پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، امن و امان کی صورتحال پر بچیوں کو حوصلہ ملا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کو لیپ ٹاپ، الیکٹرک بس، کروم بک اور اسکالر شپ سب دیں گے، میرا بس نہیں چلتا کہ بچوں کو چاند اور ستارے لاکر دے دوں بدلے میں مجھے صرف ایک چیز چاہئے کہ آپ پاکستان سے وفا کریں گے۔