ویب ڈیسک: وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ سے ایک یونٹ زیادہ بجلی استعمال کرنے پر صارفین سے 6 ماہ تک اضافی چارجز وصول کرنے کا معاملہ ختم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ 200 یونٹ کی حد بڑھا کر 250 یونٹ کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
سینیٹ اجلاس میں عابد شیر علی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، تاہم اس زمرے کے تمام صارفین کو یکساں رعایت دینا مناسب نہیں، کیونکہ ان میں ایسے صارفین بھی شامل ہیں جن کے بجلی کے کم استعمال کی وجہ سولر سسٹم ہیں۔
اس موقع پر عابد شیر علی نے کہا کہ اگر کوئی صارف 200 کے بجائے 201 یونٹ بجلی استعمال کرے تو اسے زیادہ ٹیرف کے باعث بھاری بل ادا کرنا پڑتا ہے، جس سے کم آمدنی والے صارفین پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔
اویس لغاری کے مطابق حکومت کا مقصد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔