(ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات کے استعمال،خرید و فروخت پر پابندی لگا دی.
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال، خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عینکوں، پین، کی چین اور دیگر روزمرہ اشیاء میں چھپے مائیکرو کیمروں اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی۔پابندی کا اطلاق خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیو اور آواز ریکارڈ کرنے اور منتقل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے آلات پر ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ آلات کی دکانوں پر اور آن لائن خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔کوئی بھی دکاندار، تاجر یا ڈسٹری بیوٹر ممنوعہ خفیہ ریکارڈنگ والے آلات فروخت نہیں کر سکے گا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال سے شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں ۔خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر پابندی کا مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی عزت، وقار اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ ٹرمینل آلات پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں ۔خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی کا اطلاق 30 روز تک ہوگا۔