ویب ڈیسک: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے میمتھ لیکس میں ایک ریچھ مقامی لائبریری میں جا گھسا اور وہاں موجود پینٹ بٹر، بسکٹ اور شہد پر ہاتھ صاف کر گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعہ بچوں کے مشہور کردار وِنی دی پوہ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر پیش آیا، جو شہد کی محبت کے لیے مشہور ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچھ بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے لائبریری میں داخل ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اسے عمارت کے اندر گھومتے اور کھانے پینے کی اشیا تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
لائبریری انتظامیہ کے مطابق ریچھ نے عملے کے لیے رکھی گئی اشیا کھائیں، کچھ دیر کتابوں کی الماریوں کا جائزہ لیا اور پھر خود ہی باہر نکل گیا۔
انتظامیہ نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ریچھ کی آمد کے باوجود نہ کوئی کتاب خراب ہوئی اور نہ ہی کسی الماری کو نقصان پہنچا، البتہ شہد کا مرتبان تاحال غائب ہے۔