ویب ڈیسک: ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی مردوں اور خواتین دونوں کی تولیدی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ سگریٹ کے دھوئیں سے تولیدی نظام سے متعلق حیاتیاتی عمل اور جینز کی سرگرمی میں تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم اور یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے سائنس دانوں نے نر اور مادہ چوہوں پر تحقیق کی، جس میں سگریٹ کے دھوئیں کے تولیدی نظام اور جینز پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ نتائج سگریٹ نوشی اور بچے پیدا کرنے کی صلاحیت میں کمی کے ممکنہ تعلق کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ہر چھ میں سے ایک شخص زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر بانجھ پن کا سامنا کرتا ہے۔
یہ تحقیق سائنسی جریدے ’فرنٹیئرز‘ میں شائع ہوئی، جس میں چوہوں کو 12 ہفتوں تک سگریٹ کے دھوئیں کے عرق کی مختلف مقداروں کے اثرات کا سامنا کروایا گیا۔
محققین کے مطابق نتائج تولیدی صحت پر سگریٹ نوشی کے اثرات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم، تحقیق چوہوں پر کی گئی ہے، اس لیے انسانوں پر اس کے نتائج کی تصدیق کے لیے مزید مطالعات کی ضرورت ہے۔