ویب ڈیسک: حکومت نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ کسی تیسرے مقام کی شرط مسترد کر دی، جبکہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہو سکتی ہے، کسی دوسرے مقام پر ملاقات کے لیے اصرار قابلِ قبول نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر مذاکرات نہیں ہوں گے، تاہم پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات چیت ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کو دو خطوط لکھ چکے ہیں اور اب ان کے جواب کے منتظر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی بتائیں کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب آئیں گے۔