ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے سیاسی و کاروباری رہنماؤں نے فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قومی اور کشمیری عوام کے جذبات کے منافی قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد آصف نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کی ضامن ہے اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری رخسار نے کہا کہ پاک فوج سے متعلق بیان پاکستانیوں اور کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے، فضل الرحمان کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری شعیب ارشد نے بھی بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کی تقریر سن کر شدید تکلیف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کی دراندازی کی کوشش کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما محمد علی شان سونی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کے خلاف گفتگو قابل مذمت ہے، قومی قیادت کو ایسی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوں۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میرپور راجہ نوید اختر نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سرحدیں محفوظ ہیں، جبکہ فوج کے جرأت مندانہ فیصلوں نے بھارت کو عالمی سطح پر رسوا کیا۔
میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمر جرال نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیان بازی ریاست مخالف بیانیے سے مطابقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان دن رات سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جس کے باعث قوم پُرسکون زندگی گزارتی ہے۔