ویب ڈیسک: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں گرفتار تمام کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کارکنان کے وکلا سردار محمد مصروف، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار پیش ہوئے۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے شناخت پریڈ کے لیے مزید مہلت کی درخواست کی۔
وکیل سردار محمد مصروف نے مؤقف اختیار کیا کہ کارکنان 40 روز سے زائد عرصے سے زیرِ حراست ہیں اور پولیس ہر سماعت پر التوا مانگ رہی ہے۔ دیگر وکلا نے بھی کارکنان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے عدالت سے سابقہ حکم پر عمل درآمد کی استدعا کی۔
بعد ازاں عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام پی ٹی آئی کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ کارکنان کو تھانہ شالیمار اور تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمات کے سلسلے میں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا تھا۔