ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کے شہدا، زخمی اہلکاروں اور افسران کے لیے مالی امدادی پیکج میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک شہدا کا معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کا پیکج ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔
گریڈ 18 اور 19 کے شہدا کے لیے 3 کروڑ روپے، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے ساڑھے 3 کروڑ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔
گورنر کے مطابق دورانِ ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردی گئی ہے، جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
شہدا کے ورثا کو پلاٹ کے بجائے نقد رقم دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک کے ورثا کو ایک کروڑ 80 لاکھ روپے، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہدا کے ورثا کو 7 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ اہلکاروں کے والدین یا بہن بھائیوں کی وفات پر 30 لاکھ روپے مالی امداد بھی دی جائے گی۔