(ویب ڈیسک)مین ہٹن کے ایک اپارٹمنٹ میں الماری کے پیچھے رکھی لکڑی کی پیٹی میں تقریباً 40 برس تک چھپی رہنے والی معروف امریکی خاتون مصور جارجیا او کیفے (Georgia O'Keeffe) کی ایک نایاب پینٹنگ نیو یارک کے مشہور نیلام گھر کرسٹیز (Christie's) میں 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر (تقریباً 49 لاکھ ڈالر) میں فروخت ہو گئی ہے۔
کرسٹیز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس پینٹنگ کی مالکن کی والدہ نے 15 اپریل 1963ء کو مین ہٹن کی ڈاؤن ٹاؤن گیلری (جو جارجیا او کیفے کی نمائندہ گیلری تھی) سے یہ فن پارہ محض 3 ہزار 800 ڈالر میں خریدا تھا۔
بعد ازاں جب ان کی بیٹی نے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی تو والدہ نے یہ پینٹنگ انہیں گریجویشن کے تحفے کے طور پر دے دی۔
17 نومبر 2026ء کو نیو یارک میں کرسٹیز کی 20ویں صدی کے فن پاروں کی نیلامی کے ریکارڈ کے مطابق اس پینٹنگ کی حتمی قیمت 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر رہی۔
پینٹنگ کی نئی مالکن نے اسے 1980ء کی دہائی کے وسط تک اپنے ایسٹ ولیج اپارٹمنٹ کی دیوار پر آویزاں رکھا، تاہم ایک مرتبہ تاش کے کھیل کے دوران ایک مہمان نے اس پینٹنگ میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی جس کے بعد مالکن اس کی حفاظت کے حوالے سے فکرمند ہو گئیں۔
چونکہ انہیں معلوم تھا کہ یہ جارجیا او کیفے کا قیمتی فن پارہ ہے، اس لیے انہوں نے اسے دوبارہ اس کی اصل لکڑی کی پیٹی اور گیلری پیکنگ میں بند کر کے الماری کے پچھلے حصے میں چھپا دیا، جہاں یہ 2026ء تک محفوظ رہی (تاہم 2022ء میں مالکن نے اپنی بھانجی سے گفتگو میں اس کا ذکر کیا تھا)۔
’نیئر ابیکیو، نیو میکسیکو ون‘ (Near Abiquiu, New Mexico I) نامی اس نسبتاً چھوٹے سائز کی آئل پینٹنگ میں امریکی ریاست نیو میکسیکو کا قدرتی منظر پیش کیا گیا ہے، جبکہ اس کے پچھلے حصے پر مصورہ کے نام کے ابتدائی حروف OK درج تھے۔
آرٹ کے محققین کے لیے طویل عرصے تک اس کا سراغ لگانا مشکل رہا تھا اور یہ جارجیا او کیفے کے فن پاروں کی مستند فہرست کے ضمیمے میں شامل تھی؛ حال ہی میں پینٹنگ کی تصاویر ای میل کے ذریعے کرسٹیز کو بھیجی گئیں جہاں ماہرین نے اس کا جائزہ لے کر تصدیق کی۔