چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اعتراف

 چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اعتراف
کیپشن:  چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اعتراف

ویب ڈیسک: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے اعتراف کیا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، جبکہ پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی مقامی صلاحیتوں کو ترقی دے رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نئی دہلی میں مستقبل کی جنگوں اور بھارت کی دفاعی تیاریوں سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی خلائی ٹیکنالوجی اور مہارت سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو مزید معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔

جنرل سبرامنیم کے مطابق چین کو انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (ISR) کے علاوہ پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ (PNT) کے شعبوں میں حاصل جدید صلاحیتوں سے پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی دفاعی منصوبہ بندی میں ان امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے خلائی اور نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلائی بنیادوں پر نگرانی کے منصوبے ایس بی ایس تھری (SBS-III) سے دفاعی اور نگرانی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بھارت مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انہیں خلا میں بھیجنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے، جس میں نجی شعبے اور ماہرین کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

 

Watch Live Public News