ویب ڈیسک: پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز معمول پر آگئیں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے زیرِ سمندر بین الاقوامی کیبل ’ایس ایم ڈبلیو 5‘ (SEA-ME-WE 5) کی مکمل بحالی کی تصدیق کردی۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے باہمی تعاون سے کیبل میں پیدا ہونے والی فنی خرابی دور کرلی گئی ہے۔ تکنیکی ٹیموں نے مرمتی کام کے لیے مسلسل 24 گھنٹے کام کیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈیٹا ٹریفک کو عارضی طور پر متبادل بین الاقوامی کیبلز اور لنکس پر منتقل کیا گیا تھا۔
اتھارٹی کے مطابق اب زیرِ سمندر کیبل مکمل طور پر فعال ہوچکی ہے اور بین الاقوامی ڈیٹا کنیکٹیویٹی بھی معمول پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ 18 نومبر کو پاکستانی ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور زیرِ سمندر کیبل میں فنی خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی تھیں۔