ویب ڈیسک: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بری خبر، بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
نیپرا آج اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست جمع کرا رکھی ہے۔
حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت مجوزہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
درخواست کے مطابق اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے جبکہ ایل این جی سے 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی۔
واضح رہے کہ ستمبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی، جس کا اطلاق نومبر کے بجلی بلوں میں کیا گیا۔