انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں دبئی کیپیٹلز نے سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرلی

انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں دبئی کیپیٹلز نے سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرلی
کیپشن: انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں دبئی کیپیٹلز نے سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرلی

ویب ڈیسک:  انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں دبئی کیپیٹلز نے سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرلی، ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو شکست دے دی۔

دبئی کیپیٹلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سیم بلنگز کی ذمہ دارانہ اننگز اور روومین پاول کے جارحانہ کھیل کی بدولت 160 سے زائد رنز کا مسابقتی مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

ہدف کے تعاقب میں وائپرز کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ افغان اسپنر نور احمد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ تنویر نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔

وائپرز کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور دبئی کیپیٹلز نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی۔

مین آف دی میچ نور احمد نے کہا کہ پچ سست تھی اور گیند کو مناسب رفتار اور لائن و لینتھ پر رکھنا کامیابی کی بنیادی حکمت عملی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی میچ میں شکست کے بعد یہ فتح ٹیم کے لیے انتہائی اہم تھی اور اس سے آئندہ میچز کے لیے اعتماد ملے گا۔

دوسری جانب سیم بلنگز نے کہا کہ سست پچ پر 160 سے 165 رنز کا مجموعہ اچھا اسکور تھا، جبکہ روومین پاول کی آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔

شکست کے بعد شاداب خان نے فیلڈنگ کی خامیوں کو ناکامی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیچز اور رن آؤٹ کے مواقع ضائع کرنے سے مخالف ٹیم کو اضافی رنز بنانے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو آئندہ میچز میں فیلڈنگ بہتر بنانے اور سمجھ داری سے کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔

Watch Live Public News