(ویب ڈیسک) ویمنز بگ بیش لیگ میں کرکٹ شائقین کو ایک انتہائی انوکھا اور دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا، جہاں میلبرن رینیگیڈز کی تجربہ کار بیٹر دیاندرا ڈوٹن تاخیر سے کریز پر پہنچنے کے باعث بغیر کوئی گیند کھیلے کلین بولڈ قرار پائیں۔
برسبین ہیٹ اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دیاندرا ڈوٹن بیٹنگ کے لیے مقررہ وقت پر کریز پر نہ پہنچ سکیں، جس پر امپائر نے انہیں کریز پر کھڑے ہونے سے روک دیا۔
امپائر نے برسبین ہیٹ کی باؤلر سارہ گلین (Sarah Glenn) کو 'فری بال ایٹ اسٹمپس' دے دی، جس پر سارہ گلین نے خالی وکٹ پر گیند مار کر بیلز اڑا دیں اور یوں دیاندرا ڈوٹن کو کلین بولڈ قرار دے دیا گیا۔
Extraordinary. Deandra Dottin was late to the middle. Now she's out after Sarah Glenn hit the stumps with a ball she couldn't face! #WBBL12 https://t.co/lsG3SZAw8b
— Weber Women's Big Bash League (@WBBL) November 25, 2026
اس دلچسپ اور غیر معمولی آؤٹ کے باوجود میچ میں میلبرن رینیگیڈز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
75 سیکنڈز کا قانون اور بی بی ایل میں پہلی بار عملدرآمد:
بگ بیش لیگ (BBL) کے قوانین کے مطابق اگر نیا بیٹر 75 سیکنڈز کے اندر اگلی گیند کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوتا تو امپائر اسے گیند کھیلنے سے روک سکتا ہے۔
اس صورت میں امپائر باؤلر کو خالی وکٹ پر گیند مارنے کا موقع دیتا ہے جبکہ بیٹر وکٹ سے 5 میٹر کی دوری پر کھڑا رہتا ہے، اور گیند وکٹ پر لگنے کی صورت میں بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا جاتا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بگ بیش لیگ کے مینز اور ویمنز مقابلوں میں پہلی بار اس قانون پر عملی طور پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔