(ویب ڈیسک ) پاکستان نے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کرلیا۔ چین کا تاریخی خلائی مشن شین ژو 24 تیانگونگ خلائی مرکز پہنچ گیا۔
خلائی مشن کی روانگی، پانچ گھنٹے کا سفر اور سائنسی تجربات:
اس خلائی مشن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیوچوان خلائی مرکز سے ہوا، جہاں محمد ذیشان علی اور دو چینی خلانورد خلائی شٹل میں سوار ہوئے اور ہزاروں پاکستانی و چینی شہریوں نے اس تاریخی لمحے کو براہِ راست دیکھا۔
تینوں خلاباز پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی کے ساتھ تیانگونگ خلائی مرکز پہنچ گئے۔
محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں؛ وہ ایک ہفتے تک خلا میں قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات کریں گے، جس کے بعد وہ 'شین ژو 23' کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
محمد ذیشان علی کا تاریخی پیغام:
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن کے تین رکنی عملے کی الوداعی تقریب جیوچوان خلائی مرکز میں منعقد ہوئی، جس میں محمد ذیشان علی کے ہمراہ چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور فلائٹ انجینئر وو یی نے روانگی سے قبل حلف لیا اور اپنا تعارف کرایا۔
روانگی سے قبل نیوز کانفرنس میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلا کا سفر کرنا نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور وہ 24 کروڑ عوام کی امیدیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے فرمایا تھا کہ مشن میں ذیشان علی نہیں بلکہ پورا پاکستان جا رہا ہے اور پورے ملک کی نمائندگی و فخر ان کے سر ہے۔
پاک چین تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندروں سے گہری، ہمالیہ سے اونچی اور اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، اور یہ مشن آخری نہیں بلکہ مستقبل میں مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے۔
پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کا تعارف:
محمد ذیشان علی 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے، وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔
انہوں نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیمی قابلیت حاصل کی، جو ہوا بازی، تکنیکی علوم، اسٹریٹجک اسٹڈیز اور عسکری مہارتوں کا احاطہ کرتی ہے۔
انہوں نے غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سال کی سخت خلائی تربیت محض سات ماہ میں مکمل کر کے تمام خلائی تقاضے پورے کیے۔