نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ 

نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ 

(ویب ڈیسک ) نیٹ فلیکس پر ریلیز سے قبل پاکستانی سیریز ' جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' پر بھارتی فلم اور ڈرامہ انڈسڑی سے وابستہ تنظیم نے اس سیریز کے بھارت میں دکھائے جانے پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔

آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے بھارتی وزیراعظم مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی منتظر رومانوی ڈرامے ' جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' کی بھارت میں ریلیز کو روکیں، جس میں فواد خان، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستان کے بڑے اسٹارز شامل ہیں ۔

یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب نیٹ فلکس نے منگل کے روز سیریز کے 4 دسمبر کو ہونے والے عالمی پریمیئر سے قبل اس کا آفیشل ٹریلر جاری کیا۔

اپنی اپیل میں آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارت کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے مئی 2025 میں جاری کردہ ایک ایڈوائزری کا حوالہ دیا، جس میں ملک میں کام کرنے والے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والا مواد دکھانا بند کریں۔

یہ ایڈوائزری مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے اور اس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی فوجی کشیدگی کے تناظر میں جاری کی گئی تھی۔

تنظیم نے بھارت میں پاکستانی تفریحی مواد پر پابندی عائد کرنے کے لیے مستقل قانون سازی کرنے اور مجوزہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

Watch Live Public News