نیٹ فلکس نے اپنی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا

نیٹ فلکس نے اپنی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا

(ویب ڈیسک )عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس  نے اپنی انتہائی منتظر پاکستانی اوریجنل سیریز 'جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو' (Jo Bachay Hain Sang Samait Lo) کی عالمی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ سیریز 4 دسمبر کو دنیا بھر میں پیش کی جائے گی۔

اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے سیریز کا پہلا باضابطہ پوسٹر جاری کرتے ہوئے 4 دسمبر کی تاریخ کا اعلان کیا، جس میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی معروف چہرے شامل ہیں۔

اعلان کے فوراً بعد ماہرہ خان، اقرا عزیز، فواد خان، ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی سمیت کاسٹ کے متعدد اراکین نے پوسٹر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا، جس سے مداحوں میں زبردست جوش و خروش پیدا ہو گیا۔

نیٹ فلکس مینا (Netflix MENA) نے سیریز کا تعارف کراتے ہوئے ایک پروموشنل ٹیگ لائن بھی شیئر کی جس میں لکھا گیا  کہ  "تین نسلیں، چھ محبت کی کہانیاں، ایک سوال: کیا وہ محبت جو ہم دل میں لیے پھرتے ہیں کافی ہے؟"

فواد خان اور ماہرہ خان کی واپسی اور میگا اسٹار کاسٹ:

اس سیریز کی سب سے بڑی کشش اس کی غیر معمولی کاسٹ ہے، جس میں پاکستان کے تجربہ کار اداکاروں کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے مقبول ستاروں کو بھی یکجا کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، مایا علی، بلال اشرف، خوشحال خان، نادیہ خان، احمد علی اکبر، آمنہ شیخ، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد شامل ہیں۔

شائقین کے لیے ایک اور خاص بات فواد خان اور ماہرہ خان کا دوبارہ ایک ساتھ اسکرین پر آنا ہے؛ اس مقبول جوڑی نے اس سے قبل ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' اور فلموں 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' و 'نیلوفر' میں مداحوں کے دل جیتے تھے۔

Watch Live Public News