ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ماسکو میں انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز (ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز) کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے نامور فنکاروں اور فلمی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین بھی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد تھیں، جہاں انہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔
دنانیر مبین کو یہ ایوارڈ پاکستانی فلم ’’میرا لیاری‘‘ میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔
فلم ’’میرا لیاری‘‘ میں کراچی کے علاقے لیاری کی ثقافت، کھیلوں اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
دنانیر مبین کی اس کامیابی کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے بھی ایک اہم اعزاز قرار دیا جارہا ہے۔