ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ کماری جانسن 50 برس کی عمر میں چل بسیں

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ کماری جانسن 50 برس کی عمر میں چل بسیں

(ویب ڈیسک)مشہور ہالی ووڈ اداکارہ، ماڈل اور کاروباری شخصیت کماری جانسن 50 برس کی عمر میں دل کی شریان کے سنگین عارضے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔ وہ مقبول ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ اور معروف کامیڈی فلم ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث عالمی شہرت رکھتی تھیں۔

کماری جانسن کو 27 اکتوبر کو لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر اچانک دل سے متعلق شدید طبی ایمرجنسی پیش آئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر معروف سیڈرز سائنائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز نے ان میں دل کی شریان سے جڑے ایک سنگین عارضے کی تشخیص کی تھی۔ مسلسل زیرِ علاج رہنے کے بعد وہ 4 نومبر بروز بدھ پرسکون انداز میں داعیِ اجل کو لبیک کہہ گئیں۔

ان کی بھانجی رونڈا اسکاٹ نے میڈیا کو بتایا کہ کماری جانسن ایک روشن، پُرکشش اور بااثر شخصیت کی مالک تھیں جن کی یادیں خاندان اور مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

ابتدائی زندگی اور شوبز میں انٹری:

ان کا اصل نام کم میری جانسن تھا اور وہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کیلیفورنیا یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے ابتدائی تعلیم اور چائلڈ سائیکالوجی میں ڈگری حاصل کی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل پروازوں میں ایئر ہوسٹس کے فرائض انجام دیے، جہاں دورانِ پرواز ہی انہیں ماڈلنگ کی پیشکش ہوئی۔

انہوں نے حسن کے مقابلوں میں حصہ لیا اور 1993 میں 'مس پنسلوانیا یو ایس اے' کا ٹائٹل جیت کر مس یو ایس اے کے فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔

نمایاں فلمیں، ڈرامے اور کاروباری کامیابیاں:

انہوں نے 1993 میں ہٹ ٹی وی سیریز 'بیورلی ہلز، 90210' سے اداکاری کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ مشہور ٹی وی شوز جیسے کہ V.I.P. اور فلموں بشمول Dude, Where's My Car?، Legacy، The Summer of Massacre، Break a Leg، اور Shadow Fury میں جلوہ گر ہوئیں۔

2003 میں بیٹے کی ولادت کے بعد اداکاری سے وقفہ لیا اور بعد ازاں 2007 سے 2010 کے دوران تھیٹر و اسٹیج ڈراموں بالخصوص A Christmas Carol میں مرکزی کردار نبھائے۔ ان کا آخری آن اسکرین پراجیکٹ 2017 میں Tucker's War تھا۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے 2011 میں اسکن کیئر برانڈ 'اسکن گلو بائی کماری' (SkinGlo by Kumari) قائم کیا جسے وہ کامیابی سے چلا رہی تھیں۔ رواں سال فلم 'مائیکل' کے پریمیئر میں ان کی شرکت ان کی آخری عوامی جھلکیوں میں سے ایک ثابت ہوئی۔

Watch Live Public News