(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف ٹیلی ویژن اداکارہ ایمن سلیم نے باضابطہ طور پر عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سندھ اسمبلی کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینیٹر نثار احمد کھوڑو کی زیرِ صدارت ہونے والی پریس کانفرنس میں ایمن سلیم نے اپنے سیاسی سفر کے آغاز کا اعلان کیا۔
ایمن سلیم نے خطاب کے دوران کہا کہ وہ بچپن سے ہی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مداح رہی ہیں، جنہوں نے محض 35 برس کی عمر میں مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون سربراہ بن کر تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے جلاوطنی، قید اور خطرات کا بہادری سے مقابلہ کیا مگر اپنے عوام کے لیے واپس آئیں۔ ان کی جدوجہد نے یہ سکھایا کہ خواب دیکھنے کے لیے صنف رکاوٹ نہیں بنتی اور لڑکیوں کے خواب کبھی چھوٹے نہیں ہوتے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کا پی پی پی کا حصہ بننا محض روایتی سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ اپنے ملک اور عوام کے ساتھ خلوصِ دل سے خدمت کا ایک پختہ وعدہ ہے۔
وہ اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے خواتین کی خودمختاری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بلا معاوضہ اور بے لوث خدمات انجام دیں گی۔
ایمن سلیم نے اپنے والد اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم یوسف کی دہائی سے زائد عرصے پر محیط قومی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی اور ملک کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ انہیں ورثے میں ملا ہے۔
انہوں نے پارٹی میں شمولیت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور سینیٹر نثار کھوڑو کی سرپرستی اور شفقت کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا قدم ہے اور وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کے سفر کو مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھائیں گی۔