(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے بالآخر سوشل میڈیا سے دوری کا طویل سلسلہ ختم کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر باقاعدہ انٹری دے دی ہے، جس نے ان کے لاکھوں مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے۔
ہمیشہ سوشل میڈیا سے دور رہنے والے سیف علی خان نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے تاریخی پٹودی ہاؤس کی شاندار لائبریری کی تصویر شیئر کر کے ڈیبیو کیا۔
اکاؤنٹ سامنے آتے ہی دنیا بھر سے ان کے مداحوں اور فلمی ستاروں نے انہیں تیزی سے فالو کرنا شروع کر دیا جس کے بعد ان کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انسٹاگرام پر قدم رکھنے کے بعد سیف علی خان نے سب سے پہلے اپنی اہلیہ اور بالی ووڈ اسٹار کرینہ کپور خان کو فالو کیا۔ کرینہ کپور نے بھی بغیر کسی تاخیر کے اپنے شوہر کے آفیشل اکاؤنٹ کو فوری طور پر فالو بیک کر لیا، جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
سیف علی خان نے ماضی کے ایک انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس انسٹاگرام پر ایک خفیہ (Secret) اکاؤنٹ موجود ہے، جسے وہ صرف معلومات حاصل کرنے اور دنیا بھر کی چیزیں دیکھنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔
تاہم، وہ سوشل میڈیا کی لت، منفی تبصروں اور فلمی پروموشنز کے غیر ضروری دباؤ سے محفوظ رہنے کے لیے عوامی سطح پر باضابطہ اکاؤنٹ بنانے سے ہچکچاتے رہے تھے۔
سیف علی خان کو حال ہی میں معروف ہدایت کار پریا درشن کی نئی فلم ’حیوان‘ میں دیکھا گیا، جس میں انہوں نے کھلاڑی اسٹار اکشے کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا۔
یہ فلم اس لحاظ سے بھی تاریخی ثابت ہوئی کہ اس نے 17 سال کے طویل وقفے کے بعد سیف علی خان اور اکشے کمار کی مقبول جوڑی کو ایک بار پھر سلور اسکرین پر اکٹھا کر دیا۔