(ویب ڈیسک) معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو سوشل میڈیا پر ایک دن میں 1 کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج شیئر کرنے کے بعد صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ولاگ میں عروب جتوئی نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے ایک ہی دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے۔
سب سے پہلے عروب جتوئی اور ڈکی بھائی نے ایک مہنگے و پرتعیش ریسٹورنٹ کا رخ کیا جہاں مختلف کھانوں پر تقریباً 50 ہزار روپے کا بل ادا کیا گیا۔
کھانے کے بعد ڈکی بھائی نے عروب جتوئی کو گاڑی خریدنے کی تجویز دی جسے انہوں نے مسترد کردیا اور دونوں نے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا جدید ترین نیا آئی فون خریدا۔
اس کے بعد وہ سونے کے زیورات کی ایک معروف دکان پر پہنچے، جہاں عروب جتوئی نے سونے کو بہترین سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئےلاکھوں روپے کے سونے کے سیٹس اور چوڑیاں خریدیں، جبکہ دکاندار کی جانب سے انہیں ایک سیٹ بطور تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ دن کے اختتام تک چیلنج کا پورا بجٹ خرچ کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید :
ولاگ سامنے آتے ہی صارفین نے جوڑے کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک میں عام شہری شدید مہنگائی اور معاشی بحران سے لڑ رہے ہیں، دولت کی اس طرح کھلم کھلا نمائش انتہائی غیر حساس رویہ ہے۔
کئی صارفین نے مذہبی اور اخلاقی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور وسائل سے محروم عوام کے سامنے نمود و نمائش کرنا نامناسب اور تضحیک آمیز ہے۔
دوسری جانب بعض صارفین نے اسے محض ویوز حاصل کرنے کا ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ متنازع مواد سے منفی ردِعمل کے باوجود ان تخلیق کاروں کو سستی شہرت اور بھاری کمائی حاصل ہوتی ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ پر لگژری کانٹینٹ اور اخلاقی حدود پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔