ویب ڈیسک: چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) اور اس کے ذیلی ونگ مجید بریگیڈ کو جلد از جلد عالمی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
اقوام متحدہ میں چین کے قائم مقام مستقل مندوب سن لی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حملے میں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
سن لی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کا خطرہ بدستور سنگین ہے اور دہشت گرد تنظیمیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی کارروائیوں کی صلاحیت بڑھا رہی ہیں۔
چینی مندوب نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کو خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے انسدادِ دہشت گردی کے وعدوں پر عمل کرے اور تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ داعش خراسان سرحد پار حملوں کی صلاحیت بڑھا رہی ہے، افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
سن لی نے دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون بڑھانے، افغانستان کی معیشت کی بحالی اور علاقائی تنظیموں، خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔