(ویب ڈیسک) پاکستان نے بلائنڈ کرکٹ کے میدان میں ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی جیت لی ہے۔ ڈھاکا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول فائنل میچ مسلسل بارش کے باعث نہ ہو سکا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت میچ ریفری نے پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔
ڈھاکا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا فائنل معرکہ مسلسل بارش کی نذر ہو گیا اور ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی۔
ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط 7 نومبر کو تمام شریک اراکین کو پہلے ہی بھیج دیے گئے تھے، جن کی روشنی میں میچ ریفری نے پاکستان کو چیمپئن قرار دیا۔
پاکستان کی ناقابلِ شکست مہم :
پاکستان ٹیم لیگ مرحلے کے تینوں میچز میں فتح حاصل کر کے ایونٹ میں سرفہرست رہی؛ پاکستان نے لیگ میچوں میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دی تھی۔
پاکستان پوائنٹس، نیٹ رن اوسط اور ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھارت سے واضح طور پر اوپر رہا، جس کی بنیاد پر گرین شرٹس کو ٹائٹل کا حقدار قرار دیا گیا۔
بھارتی ٹیم کا اختتامی تقریب کا بائیکاٹ:
فیصلے کے بعد بھارتی ٹیم اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسٹیڈیم سے چلی گئی۔
اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے فاتح ٹیم میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر رنگپور رائیڈرز شہزاد اکبر سبحان اور پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔