ویب ڈیسک: بنگلادیشی وکٹ کیپر لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
لٹن داس نے پہلی اننگز میں 120 رنز کی شاندار سنچری بھی اسکور کی، یوں وہ ایک ہی ٹیسٹ اننگز میں سنچری بنانے اور وکٹوں کے پیچھے 8 شکار کرنے والے دنیا کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔
اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر وسیم باری، باب ٹیلر، ایان اسمتھ، رڈلی جیکبز اور جوشوا ڈی سلوا کے پاس تھا۔
لٹن داس نے میچ کے تیسرے روز 6 کیچز پکڑے، جبکہ چوتھے روز ریان ریکلٹن اور کاگیسو ربادا کو اسٹمپ آؤٹ کرکے اپنے شکاروں کی تعداد 8 تک پہنچا دی۔
انہوں نے توحید ہردوئے کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 206 رنز کی شراکت قائم کی، جس کی بدولت بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے، جو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اس کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
واضح رہے کہ لٹن داس گزشتہ ماہ افغانستان کے خلاف بھی ایک ٹیسٹ میچ میں سنچری، نصف سنچری اور وکٹوں کے پیچھے 9 شکار کرکے منفرد اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ وہ بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 154 شکار کرنے والے وکٹ کیپر بھی بن گئے ہیں، جبکہ مشفق الرحیم 113 شکار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔