ویب ڈیسک: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے، مہمان ٹیم اب بھی پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری سے 153 رنز پیچھے ہے۔
کھیل کے اختتام پر دھننجایا ڈی سلوا 24 اور پاسندو سوریا 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس 16، لاہیرو اڈارا 7 اور دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال، ثاقب خان اور رضا اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 325 رنز پر مکمل کی اور سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔
دوسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، تاہم اذان اویس 47 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ سعود شکیل نے 24، ثاقب خان نے 37 اور سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے۔
غازی غوری نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ رضا اللہ نے 42 رنز اسکور کیے۔ محمد عباس 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔