ویب ڈیسک: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا تہران کی پیش کردہ شرائط تسلیم کرلے تو دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہ صرف 48 گھنٹوں میں کھولی جاسکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جاری جنگ ختم کرانے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق تہران مسئلے کا سفارتی حل نکالنے کے لیے تیار ہے اور اگر واشنگٹن ایران کی شرائط مان لیتا ہے تو آبنائے ہرمز کھولنے میں مزید تاخیر نہیں کی جائے گی۔
عباس عراقچی نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفارتی پیش رفت کے ذریعے جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔