ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹروں کا میڈیکل بورڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سرجری تجویز کرتا ہے تو حکومت علاج کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی گئی۔ ڈاکٹروں کی سفارشات کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
رانا ثناء اللہ نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی کی سیاست کرنا چاہتی تھی، تاہم ناکامی کے بعد مذاکرات کی طرف آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے اور حکومتی پالیسی واضح ہے کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔
انہوں نے کسی بھی ممکنہ ڈیل یا رعایت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی میز پر ڈیل یا ڈھیل کا کوئی معاملہ موجود نہیں۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس پر تفصیلی بحث ہوگی۔ ان کے مطابق صوبوں کی تشکیل ایسا معاملہ نہیں جس کا فیصلہ کسی ایک شخص کی گفتگو سے ہوسکے، بلکہ اس کے لیے پارلیمانی مشاورت اور بحث ضروری ہے۔