ویب ڈیسک: امریکی پراسیکیوٹرز نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا کے خلاف 24 سال اور 5 ماہ قید کی سزا کی سفارش کر دی۔ عدالتی دستاویزات میں بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کے ساتھ پاکستان میں ایک الگ ممکنہ قتل کی سازش میں مبینہ رابطوں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق مئی 2023 میں نکھل گپتا نے وکاش یادو کو پیغام دیا تھا کہ پاکستان میں مبینہ ہدف کو قتل کرنے کے لیے بھیجے گئے افراد وہاں پہنچ چکے ہیں اور اس کی تلاش کر رہے ہیں۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق وکاش یادو نے بعد ازاں کارروائی کی پیش رفت معلوم کی اور مبینہ طور پر قاتلوں کو اضافی رقم دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ اگلے روز کارروائی مکمل کر سکیں۔ دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یادو نے مبینہ ہدف کے مختلف مقامات کی تفصیلات فراہم کی تھیں۔
عدالتی دستاویز کے مطابق 14 مئی 2023 کو وکاش یادو نے نکھل گپتا کو ہدایت دی کہ اگر افراد نے ہدف کو پکڑ لیا ہے تو اسے قتل کر دیا جائے، بصورت دیگر دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔
امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق وکاش یادو بھارتی حکومت کے کابینہ سیکریٹریٹ میں ملازم تھا، جہاں بھارتی خفیہ ادارہ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) بھی قائم ہے۔ دوسری جانب نکھل گپتا کے وکلا نے بھی عدالتی دستاویز میں پاکستان یا نیپال میں ایک الگ ممکنہ ہدف سے متعلق دونوں کے درمیان گفتگو کا اعتراف کیا ہے۔
واضح رہے کہ نکھل گپتا نے 13 فروری 2026 کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کے لیے اجرت دینے اور منی لانڈرنگ کی سازش سے متعلق الزامات تسلیم کیے تھے۔
نکھل گپتا کو نیو یارک کی عدالت میں 20 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔ امریکی پراسیکیوٹرز نے اس کیس کو سیاسی قتل کی سازش قرار دیتے ہوئے اسے امریکی خودمختاری اور بنیادی اقدار کے خلاف قرار دیا ہے۔