(ویب ڈیسک) کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گودی میڈیا ایک بار پھر شرمسار، کولگام فائرنگ میں پیش کردہ مبینہ دہشت گرد مقبوضہ کشمیر کا سیاسی کارکن نکل آیا۔
کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ ایک اور فیک نیوز، ایک اور عالمی شرمندگی؛ بھارتی نیوز چینل نیوز 18 نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (JKNC) کے یوتھ جوائنٹ سیکریٹری لطیف احمد بھٹ کی تصویر کولگام فائرنگ کے واقعے سے جوڑ کر انہیں دہشت گرد کے طور پر پیش کیا۔
کے ایم ایس کے مطابق بھارتی میڈیا جس محمد لطیف کو دہشت گرد بنا کر پیش کر رہا ہے، وہ دراصل مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاسی رہنما، کاروباری شخصیت اور دو بچوں کے والد ہیں۔ایک پُرامن کاروباری شخصیت اور سیاسی کارکن کو بغیر تصدیق دہشت گردی کے واقعے سے منسلک کرنے پر بھارتی میڈیا کو شدید عوامی اور صحافتی تنقید کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ محمد لطیف احمد بھٹ نے اپنی تصویر دہشت گردی کے واقعے سے منسلک کرنے پر متعلقہ بھارتی نیوز چینل سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہتکِ عزت اور قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔بھارتی چینل نے لطیف بھٹ کی دھمکی کے بعد اپنی خبر سائٹ سے ہٹا دی۔
کے ایم ایس کے مطابق بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ صحافت اور جھوٹ پر مبنی خبروں کا مذاق خود بھارت میں تعینات امریکی سفیر سرجیو گور (Sergio Gor) بھی اڑا چکے ہیں۔ امریکی سفیر نے اگست 2026 میں بھارتی میڈیا کی سنسنی خیزی اور جعلی خبروں پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی چینلز پر خبر، تجزیے اور حقائق کے درمیان فرق ختم ہو چکا ہے اور بھارت جعلی خبروں میں امریکا سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
کے ایم ایس کے مطابق اس سے قبل ستمبر 2026 میں بھی بھارتی فوج اور میڈیا نے بڈگام میں سابق پاکستانی ایس ایس جی (SSG) کمانڈو محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔بھارتی پروپیگنڈے کو اس وقت شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب یکم اکتوبر 2026 کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو زندہ سلامت میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔
اسی طرح مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران بھی بھارتی میڈیا کی من گھڑت اور جعلی خبروں نے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔آپریشن سندور کے دوران بھارتی چینلز نے ویڈیو گیمز کے کلپس اور پرانی ویڈیوز نشر کرکے جھوٹے دعوے کیے، جنہیں عالمی میڈیا اور فیکٹ چیکرز نے مسترد کر دیا۔
کے ایم ایس کے مطابق مئی 2025 میں بھارتی میڈیا نے پونچھ کے مدرسہ استاد قاری محمد اقبال کو خطرناک کمانڈر قرار دیتے ہوئے ان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے 26 مئی 2025 کی رپورٹ میں بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی حقیقت بے نقاب کر دی۔ بی بی سی کی رپورٹ نے بے گناہ مدرسہ استاد قاری محمد اقبال کی اصل شناخت دنیا کے سامنے واضح کر دی۔
مئی 2025 سے اب تک بھارتی میڈیا کا من گھڑت خبروں اور جھوٹے پروپیگنڈے کا نظام بارہا بے نقاب ہو چکا ہے۔