توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل نہیں، قطری وزیراعظم

 توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل نہیں، قطری وزیراعظم
کیپشن:  توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل نہیں، قطری وزیراعظم

ویب ڈیسک: قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل راستہ موجود نہیں اور یہ قطر کے لیے انتہائی اہم تجارتی گزرگاہ ہے۔

قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا اور دیگر ممالک کے تعاون سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ دانشمندانہ سفارت کاری نے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے میں مدد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور مشترکہ مفادات کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ایرانی معیشت کے لیے مواقع بڑھنے سے پورے خطے میں اقتصادی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات توانائی کی ترسیل کے متبادل راستوں پر بھی بات چیت کر رہے ہیں، تاہم قطر کی بنیادی برآمدات قدرتی گیس اور ایل این جی پر مشتمل ہیں، جس کے باعث آبنائے ہرمز کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی تنصیبات پر حملہ اس کی خودمختاری اور ریاست پر حملہ تصور ہوتا ہے، جبکہ امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنانا بلاجواز ہے۔

 

Watch Live Public News